اسلام آباد میں فوج طلب،شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم

اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی، جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے، جس کے بعد انتظامیہ نے اسلام آباد میں فوج طلب کر لی ہے اور شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران انتشار سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد میں فوج طلب کرلی گئی ہے، وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جا ری کردیا۔
ذرائع کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بھی بلا لیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی کو کسی بھی علاقے میں امن امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کرفیو لگانے کے اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں کو انتشار پھیلانے والوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دیے گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 جوان شہید اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتشار پسند اور دہشت گرد عناصر کو کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ کاروائی سے نپٹنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
