ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کا بڑا مقابلہ اگلے ماہ پولینڈ میں ہوگا

پاکستان کے جیولن تھرو چیمپئن اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اگلے ماہ ایک بار پھر بھارتی سٹار ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کے مدمقابل ہوں گے۔ دونوں کھلاڑی 16 اگست کو پولینڈ میں منعقد ہونے والی ڈائمنڈ لیگ میں شرکت کریں گے، جو پیرس اولمپکس کے بعد ان کا پہلا باقاعدہ آمنا سامنا ہوگا۔
پولینڈ کے ایونٹ کے بعد ارشد ندیم اسی ماہ 27 اگست کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں ہونے والی ایک اور ڈائمنڈ لیگ میں بھی حصہ لیں گے، جہاں نیرج چوپڑا کے ساتھ دوبارہ ٹکراؤ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیرج چوپڑا کو پیچھے چھوڑ کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا، جس پر انہیں عالمی سطح پر سراہا گیا۔
تاہم، حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں جب ارشد ندیم سے نیرج چوپڑا کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
ماہرین کھیل کا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ نہ صرف کھیل کے میدان میں ایک اعلیٰ مظاہرہ ہوگا بلکہ جنوبی ایشیا کے کھیلوں کے شائقین کے لیے بھی بے حد دلچسپ ثابت ہوگا۔
