ارشدندیم انجری کاشکارہونےپرورلڈایتھلیکٹس ٹورسےدستبردار

قومی جیولن تھرو چیمپئن اور اولمپیئن ارشد ندیم ٹانگ کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث وہ ورلڈ ایتھلیٹکس سلور ٹور میں شرکت نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ارشد ندیم کو لاہور کی شدید گرمی میں ٹریننگ کے دوران ٹانگ میں کھچاؤ محسوس ہوا، اور تکلیف میں اضافہ ہونے کے باعث انہوں نے 15 جولائی کو سوئٹزرلینڈ میں شیڈول سلور ٹور سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
ارشد ندیم نے کہا کہ وہ اپنے کوچ سلمان بٹ کے مشورے پر یہ فیصلہ کر رہے ہیں تاکہ آئندہ بڑے ایونٹس سے قبل مکمل فٹنس حاصل کر سکیں۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم رواں برس اہم عالمی مقابلوں کی تیاری کے سلسلے میں لندن میں ایک ماہ تک ٹریننگ کریں گے۔ وہ 14 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے، جہاں یہ ٹریننگ ایتھلیٹکس فیڈریشن کے تعاون سے ہوگی۔
ارشد ندیم کا اگلا ہدف اگست میں ڈائمنڈ لیگ اور ستمبر میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت ہے، جس کے لیے وہ بھرپور تیاری کا ارادہ رکھتے ہیں۔
