جلاؤ گھیراؤ کیس،قریشی بری، ڈاکٹر یاسمین، میاں محمود، سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی، جبکہ شاہ محمود قریشی، حمزہ عظیم سمیت 6 ملزمان کو بری کر دیا گیا۔

عدالت نے شیرپاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ سے متعلق کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے مجموعی طور پر 9 افراد کو جرم ثابت ہونے پر سزائیں سنائیں۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کے واقعات کے تناظر میں اس مقدمے کا جیل ٹرائل مکمل کیا گیا تھا، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے جیل میں ہی ٹرائل کی سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مقدمے میں سابق وزراء اور پارٹی قائدین سمیت متعدد افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔ دوران ٹرائل پولیس نے دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، اور 61 گواہان کے بیانات عدالت میں ریکارڈ کیے گئے۔

اسی روز انسدادِ دہشت گردی عدالت سرگودھا نے بھی 9 مئی 2023 کو میانوالی میں ہونے والے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر اور دیگر افراد کو 10 سال قید کی سزا سنائی۔

Back to top button