آسان خدمت مرکز جلد عوام کےلیے کھول دیا جائے گا : چیف کمشنر اسلام آباد

چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کا “آسان خدمت مرکز” کا دورہ تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، “آسان خدمت مرکز” کا 95 فیصد سے زائد تعمیراتی کام مکمل کیا جاچکا ہے، جلد عوام کےلیے کھول دیا جائے گا۔
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور متعلقہ افسران کے ہمراہ “آسان خدمت مرکز” بلڈنگ منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام، مرمت، تزئین و آرائش اور فنشنگ ورک میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ “آسان خدمت مرکز” منصوبے کا 95 فیصد سے زائد تعمیراتی کام مکمل کیا جاچکا ہے جب کہ فنشنگ ورک کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ زیر تعمیر فلورز کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے اور فرنیچر سمیت دیگر ضروری امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کو آگاہ کیا گیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کےلیے تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری ہیں اور جلد ہی اسے عام شہریوں کےلیے کھول دیا جائے گا۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ “آسان خدمت مرکز” میں عوامی خدمات و سہولیات کی فراہمی کےلیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبے کی جلد تکمیل کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ “آسان خدمت مرکز” کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو مختلف سرکاری محکموں کی تقریباً سو سے زائد سروسز اور سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی جبکہ سی ڈی اے کی ون ونڈو فیسیلیٹیشن سینٹر کی خدمات بھی یہاں فراہم کی جائیں گی۔
چیف کمشنر اسلام آباد کا ماڈل جیل منصوبے کا دورہ، جلد تکمیل کی ہدایت
چیئرمین سی ڈی اے نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں کوالٹی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

