ایشیز سیریز: آسٹریلیا نے تیسرا ٹیسٹ جیت کر 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ کو شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشیز سیریز میں آسٹریلیا نے 3-0 کی ناقابلِ شکست سبقت حاصل کر لی ہے۔
تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم نے انگلینڈ کو 82 رنز سے ہرایا۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 352 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے زیک کرالی نے 85، جیمی سمتھ نے 60 اور ول جیکس نے 47 رنز اسکور کیے، جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 371 اور دوسری اننگز میں 349 رنز بنائے تھے، جبکہ انگلینڈ پہلی اننگز میں 286 رنز بنا سکا تھا۔
