ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایاگیا

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں یومِ عاشور خاتم النبیین رسول اکرم ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ سمیت دیگر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئے روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا۔
یوم عاشور کے موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے تھے جو اپنے روایتی راستوں سےہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے۔ ذاکرین اور علمائے کرام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ ماتمی جلوسوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔
کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا روایتی راستوں سے ہوا اختتام پذیر ہوگیا کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہی ۔کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحےکی نمائش، ہیلی کیم، ڈرون اڑانے پرپابندی عائد کی گئی تھی۔
لاہور میں یوم عاشور پر شبیہ ذوالجناح کا جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کے راستوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 10محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سید علی رضوی سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوگیا۔پشاوراور اس کے گرد و نواح میں یوم عاشورکے 12 جلوس ذوالجناح برآمد ہوئے، محرم الحرم کے حوالے سے شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔سیکیورٹی کے لیے 14ہزار پولیس افسران و اہلکاروں نےڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ اندورن شہر جلوس ہونے کی وجہ سے شہر کو مکمل طور پر سیل کیا گیاتھا۔
