ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ : پاکستان بھارت کو شکست دے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر-16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار ہے، سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

میچ میں گرین شرٹس نے بھارت کو 16-25، 19-25 اور 12-25 سے مات دی۔ اب پاکستان چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران سے ٹکرائے گا۔

قبل ازیں قومی ٹیم نے گروپ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ابتدائی تینوں میچز جیت کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جہاں انڈونیشیا کو بھی 0-3 سے ہرا کر مسلسل چوتھی فتح حاصل کی اور ساتھ ہی آئندہ برس ہونے والی انڈر-17 ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

Back to top button