آصف زرداری کو13برس سیاسی قیدی رہنےکامنفرداعزازحاصل ہے،بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرے والد آصف زرداری کو2مرتبہ صدرمنتخب ہونے اورپاکستان میں ساڑھے تیرہ برس سیاسی قیدی کے طورپرگزارنےکااعزازحاصل ہے۔

کیڈٹ کالج پٹارو میں 63ویں والدین کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے پرنسپل کیڈٹ کالج کموڈور فیصل اقبال قاضی کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا۔اور کیڈٹ کالج پٹارو کے فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی۔

بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ یہ ادارہ میرے خاندان کے لیے بھی ذاتی اہمیت رکھتا ہے، میرے والدآصف علی زرداری بھی کبھی اسی مقام پر کھڑے تھے جہاں آج آپ کھڑے ہیں،  جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ واحد سویلین ہیں جو دو مرتبہ صدر منتخب ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ  اگرچہ میرے والد دو بار صدر منتخب ہوئے لیکن انہیں یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے پاکستان میں ساڑھے تیرہ برس سیاسی قیدی کے طور پر گزارے، یہاں طالبعلموں کو سکھایا جاتا ہے کہ نظم و ضبط سزا نہیں بلکہ آزادی ہے۔

بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ آج پاکستان ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جو ہر نسل نے پہلے بھی دیکھا ہے، ہمیں معاشی دباؤ، علاقائی غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی دنیا جیسے چیلنجز درپیش ہیں، حال ہی میں ہماری مسلح افواج نے ایک بار پھر اس حقیقت کو ثابت کیا،  پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور اتحاد قیادت کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا اور ایک واضح عسکری کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی محض عسکری نہیں بلکہ اخلاقی بھی تھی۔ پاک فوج نے دنیا کو یاد دلایا کہ آزمائش کے وقت پاکستان مضبوط، منظم اور پرعزم کھڑا ہوتا ہے لیکن ہمیں ایک اور اہم بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ قوموں کی طاقت صرف ہتھیاروں سے نہیں، بلکہ کردار سے ناپی جاتی ہے۔

Back to top button