آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کا اپوزیشن کی حمایت کااعلان

بلوجستان گوادرسے قومی اسمبلی کے آزاد رکن اسلم بھوتانی نے حکومت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلم بھوتانی کاکہنا تھاگوادرسے آزاد حیثیت سے رکن منتخب ہوا تھا، الیکشن آرہا ہے اب ہماری الیکشن کی طرف نظرہے، آصف زرداری کے میرے اوپربہت احسانات ہیں۔ سابق صدر جہاں بھی جائیں گے ان کا ساتھ دوں گا۔ ان کا حکم تھا میں حاضرہو گیا ہوں۔بلاول کا عزت دینے پر شکرگزار ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نےاس موقع پر کہا کہ پارلیمان میں سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پیش کردی ہے، کل ایک تاریخی دن تھا، متحدہ اپوزیشن نے کل تحریک عدم اعتماد پیش کیا، کل بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت چھوڑنے کا اعلان کیا، آج اسلم بھوتانی کے شکر گزار ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، پاکستان کے عوام کے ساتھ اس مرحلے میں کھڑے ہو رہے ہیں، متحدہ اپوزیشن اسلم بھوتانی کو سیلوٹ کرتی ہے۔

اس موقع پربی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے بتایا کہ ہم گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کو خوش آمدید کہتے ہیں، جے یو آئی کے رہنما عبد الغفورحیدری نے کہا کہ آج اپوزیشن کے لیے خوشی کا دن ہے، وزیراعظم کے پاس اکثریت نہیں ہے، ان کے پاس عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ آزاد رکن قومی اسمبلی نے ایسا کیل ٹھونکا ہے کہ عمران خان استعفیٰ دے دیں۔ لیگی رہنما ایاز صادق نے کہا کہ اسلم بھوتانی کو خوش آمدید اورمبارکباد دیتا ہوں، کیا وجہ ہے لوگ حکومت کو چھوڑ کر اپوزیشن میں جا رہے ہیں، شاہ زین بگٹی، باپ پارٹی کے بعد اسلم بھوتانی نے اپوزیشن کوجوائن کر لیا ہے۔

بلوچ ایم این اے محمد اسلم بھوتانی حکومتی اتحاد سے الگ

ایک سوال کے جواب میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ملک کو بچانے کی غرض سے میں نے (ق) لیگ کو بھی دعوت دی وہ ہمارے ساتھ چلنے کے لیے تیار تھے لیکن معلوم نہیں انہیں کیا ہوا کہ وہ کہیں اور چلے گئے، ان سے پوچھا جائے کہ رات کے بارہ بجے ہمیں مبارک باد دینے آتے ہیں اور صبح کہیں اور چلے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی نمبرز ہمارے پاس ہیں حکومت کے پاس نہیں، جسے اپوزیشن نامزد کرے گی وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا۔

Back to top button