مخصوص نشستوں پرحلف کیلئےاسمبلی اجلاس بلایاجائے،گورنرکےپی کاوزیراعلیٰ کوخط

خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے لیے گورنر سیکریٹریٹ نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو فوری طور پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔

 یہ اقدام الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ خط کے بعد کیا گیا، جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مخصوص نشستوں پر منتخب نمائندوں کی حلف برداری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

گورنر خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکریٹری زبیر ارشد کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکریٹری کو ارسال کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس فوری طلب کرنے کی تحریری ہدایت جاری کی ہے تاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

خط میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ رولز آف بزنس 1985 کے رول 36(1)(a) اور شیڈول V کے تحت اسمبلی اجلاس بلانے کا عمل گورنر کو وزیراعلیٰ کے توسط سے بھجوایا جانا ضروری ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 109(a) کے تحت صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے احکامات کی حقیقی روح کے مطابق تکمیل کی جا سکے۔

Back to top button