مقبوضہ کشمیر،بادل پھٹنے سے کم از کم 25 جاں بحق

مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گاؤں چشوٹی میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں شدید سیلاب آیا، جس سے کم از کم 25 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی دوپہر 12 سے 1 بجے کے درمیان پیش آیا، جب مچائل ماتا یاترا کے موقع پر بڑی تعداد میں زائرین علاقے میں موجود تھے۔ اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے لنگر کو بہا دیا، سی آر پی ایف کیمپ اور پارکنگ ایریا کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن پوجا ٹھاکر نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس   اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق 100 سے 150 کے درمیان افراد زخمی ہوئے ہیں اور پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

مقامی انتظامیہ نے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کر دیا ہے، تاہم سڑکوں کی تباہی اور مسلسل بارش امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ امدادی کام جاری ہیں۔

Back to top button