عطا تارڑ کاعمران خان سے ملاقات کیلئےقانونی راستہ اپنانےکامشورہ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جیل میں ملاقاتوں کے لیے واضح قانون اور ضوابط موجود ہیں اور اس پر عمل ہونا لازمی ہے۔
نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات جیل مینوئل کے مطابق ہوگی۔ اب اگر حکومت کے پاس پی ٹی آئی کی جانب سے 6،6 مختلف فہرستیں آئیں گی تو ان میں سے کون سی منظور کی جائے۔
عطا تارڑ نے خبردار کیا کہ اگر پی ٹی آئی قانون کی بجائے دھرنے دینے کا فیصلہ کرتی ہے تو حکومت اس سے بلیک میل نہیں ہوگی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو ایک شخص کو نامزد کریں جو درست اور قانونی طریقے سے فہرست دے تاکہ جیل کے باہر امن و امان کے مسائل پیدا نہ ہوں۔
عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ جیل میں ملاقات پر کوئی غیر اعلانیہ پابندی نہیں ہے بلکہ اعلانیہ پابندی ہے اور وہ اس لیے کہ پی ٹی آئی قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کر رہی اور جیل کے باہر امن و امان کے مسائل پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو ملاقات نہیں ہوگی۔
