بنوں کینٹ پرحملہ ناکام،6 خوارج جہنم واصل،15شہری شہید

سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کا دہشت گردی کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ حملے میں 15 شہری شہید،25 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی، دہشت گردوں نے بارود سے لدی 2 گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، خوارج  نے سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے باعث گاڑیاں گھبراہٹ میں دیوار سے ٹکرائیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف انٹری پوائنٹس پر موجود سکیورٹی عملے نے6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا، باقی خارجی دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکے سے قریبی  مسجد کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے سے قریبی گھروں کی چھت گرنے سے شہریوں کے زخمی ہونے اور شہادتوں کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر نعمان کے مطابق دہشت گرد حملے میں 15 شہری شہید جب کہ 25 زخمی ہوئے ہیں۔شہید ہونے والے شہریوں میں 4 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ترجمان نعمان خطاب کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال لایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے اب تک اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

تاہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ضلع بنوں میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سینئر پولیس عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں اس طرح کے واقعات انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہیں۔

Back to top button