اسلام آباد ائیرپورٹ پر جعلی ویزوں پر سفر کی کوشش ناکام، 2 مسافر آف لوڈ

راولپنڈی ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرونِ ملک جانے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی شناخت وحید مراد اور ارسلان رزاق کے نام سے ہوئی ہے، جو فلائٹ نمبر 633 کے ذریعے سپین روانہ ہو رہے تھے۔ دونوں مسافروں کا تعلق راولپنڈی سے بتایا گیا ہے۔

امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافروں کی سفری دستاویزات مشکوک پائی گئیں، جبکہ جانچ پڑتال پر ان کے پاسپورٹس پر اسپین کے جعلی ویزے لگے ہونے کا انکشاف ہوا۔

بعد ازاں مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Back to top button