اٹک: سیلابی ریلہ گاڑی بہا لے گیا ، 2 خواتین جاں بحق، 3 لاپتا

اٹک میں شادی میں شرکت کے لیے جانے والا ایک خاندان اس وقت حادثے کا شکار ہو گیا جب ان کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔
ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاندان شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہا تھا کہ اچانک سیلابی پانی کی زد میں آ گیا۔ گاڑی میں 10 افراد سوار تھے۔
ڈی سی اٹک نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، جس کے دوران 5 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ 2 خواتین کی لاشیں بھی نکالی جا چکی ہیں، جب کہ 3 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور طغیانی کا خدشہ: پی ڈی ایم اے
ریسکیو ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی شدت اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
