نمبر پلیٹس کی نیلامی،KPحکومت نے عمران خان کو کیوں نکال دیا؟

خیبرپختونخوا میں گاڑیوں کی من پسند نمبر پلیٹس کی نیلامی کے دوران جہاں ’وزیر 1‘ اور ’آفریدی 1‘ جیسی پلیٹس کے حصول کیلیے کروڑوں روپے کی بولیاں لگیں، وہیں سب کی نظریں ’804‘ اور ’عمران خان‘ سے منسوب نمبر پلیٹس پر مرکوز رہیں۔ تاہم خیبرپختونخوا ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام نے یہ نمبر پلیٹس اچانک بولی کی فہرست سے ہٹا دیں۔ جس کے بعد بڈنگ میں موجود عمرانڈوز مایوس دکھائی دئیے جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھی اس اقدام پر سوالات اٹھاتے نظر آئے کہ اعلانات کے باوجود اچانک ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام نے ان نمبر پلیٹس کو نیلامی کی فہرست سے کیوں نکالا؟
واضح رہے کہ مخصوص نمبر پلیٹس کی نیلامی کے آغاز سے قبل یہ توقع کی جا رہی تھی کہ بانی پی ٹی آئی’عمران خان‘ سے منسوب نمبر پلیٹس سب سے زیادہ توجہ حاصل کریں گی اور ان کی بولی سب سے اوپر رہے گی تاہم ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام نے بانی پی ٹی آئی کے نام سے منسوب نمبر پلیٹس کو ہی فہرست سے نکال دیا جس پر یوتھیوں کے جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا تاہم بعد ازاں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ’804‘، ’عمران خان 1‘، ’نواز شریف 1‘ اور ’زرداری 1‘ جیسی سیاسی شخصیات سے منسوب نمبر پلیٹس کو جان بوجھ کر آن لائن نیلامی کے اگلے مرحلے کے لیے محفوظ رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مقامی سطح پر نیلامی کرنے سے ان نمبر پلیٹس کی بولی محدود رہ سکتی تھی، اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ ان نمبر پلیٹس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر آن لائن آکشن کے ذریعے پیش کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل ہو سکے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں ہونے والی نمبر پلیٹس کی منفرد نیلامی کے دوران مختلف قبائلی اور علاقائی ناموں کی نمبر پلیٹس میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کے لیے یہ نمبر پلیٹس محض گاڑی کا اندراج نہیں بلکہ شناخت اور فخر کی علامت بن چکی ہیں۔27 جنوری کو پشاور میں ہونے والی 11 نمبر پلیٹس کی اس نیلامی میں ’وزیر-1‘ والی نمبر پلیٹ سب سے مہنگی اور ’گنڈاپور 1‘ سب سے سستی یعنی 10 لاکھ 80 ہزار روپے میں فروخت ہوئی۔
اس منفرد نیلامی میں سب سے زیادہ بولی ’وزیر 1‘ نمبر پلیٹ کے لیے آئی، جو وزیرستان سے تعلق رکھنے والے محمد ہلال نے ایک کروڑ 50 لاکھ روپے میں حاصل کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد ہلال کے مطابق ان کی گاڑی کی مالیت محض 22 لاکھ روپے ہے، مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ نمبر پلیٹ ان کے لیے دولت سے بڑھ کر اپنی قوم سے محبت اور شناخت کی علامت ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا کے زیرنگرانی خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی میں 20 سے زیادہ مختلف ناموں کی نمبر پلیٹس نیلام کی گئیں۔ ان میں سب سے زیادہ بولی ’وزیر ون‘ کے لیے آئی، جو ایک کروڑ 50 لاکھ روپے رہی۔
خصوصی نمبر پلیٹس کے لیے بولی کا آغاز ’خان ون‘ سے ہوا، جس کے لیے ابتدائی بولی 10 لاکھ روپے سے شروع ہوئی اور ایک کروڑ 11 لاکھ روپے پر جا کر ختم ہوئی۔’خان ون‘ کے لیے کئی افراد نے بولی دی، تاہم کامیاب بولی ایک کروڑ 11 لاکھ روپے رہی، جو سابق صوبائی وزیر اور وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رکن نیک محمد نے دی۔ انہوں نے ’خان ون‘ کے نام کی نمبر پلیٹ کامیاب بولی دے کر حاصل کرلی۔ ’خان ون‘ کے بعد ’آفریدی ون‘ کی بولی شروع ہوئی، جس کے لیے بھی کئی افراد نے حصہ لیا۔ ’آفریدی ون‘ کے لیے ’خان ون‘ سے بھی زیادہ بولی لگی اور یہ ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے پر ختم ہوئی، جو پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے دی۔’آفریدی ون‘ کے بعد ’وزیر ون‘ کی بولی شروع ہوئی، جس کے لیے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا۔ وزیرستان اور وزیر قبائل کے نام پر ’وزیر ون‘ کے لیے سب سے زیادہ بولی ایک کروڑ 50 لاکھ روپے لگی، جو وزیرستان سے تعلق رکھنے والے محمد ہلال نے دی۔
کیا پاکستان بنگلہ دیش کے لیے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرے گا؟
محکمہ ایکسائز کے حکام کا کہنا ہے کہ اس نیلامی کا بنیادی مقصد سرکاری خزانے کے لیے آمدنی میں اضافہ ہے، اور ابتدائی مرحلے کے نتائج اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ منصوبہ کامیاب رہا۔ حکام کے مطابق صرف ایک نمبر پلیٹ کی نیلامی سے اتنی آمدنی حاصل ہوئی جو درجنوں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے برابر ہے۔صوبائی حکام کے مطابق خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، جبکہ اگلے مرحلے میں سیاسی رہنماؤں اور معروف شخصیات کے ناموں پر مبنی نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی کی جائے گی۔ ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ’804‘ اور ’عمران خان‘ سے منسوب نمبر پلیٹس آخر کتنی بڑی بولی حاصل کرتی ہیں اور یہ نیلامی کس حد تک سرکاری خزانے کو فائدہ پہنچا پاتی ہے اور آیا عمران خان کے نام سے جڑی نمبر پلیٹس دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے منسوب نمبر پلیٹس کو قیمت کے لحاظ سے پیچھے چھوڑ پاتی ہیں یا نہیں۔
