کفایت شعاری مہم: 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کردی گئیں: شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ایندھن اخراجات کے پیش نظر صوبائی حکومت کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے، کفایت شعاری مہم کے تحت 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کردی گئی ہیں۔
سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں انہوں نے بتایا کہ 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کردی گئی ہیں، 47 سے زائد محکموں کی گاڑیاں گراؤنڈ کی گئی ہیں جب کہ 2 ہزار 837 گاڑیوں میں سے 1 ہزار 524 گاڑیاں گراؤنڈ کی گئی ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بتایاکہ گراؤنڈ کی گئی گاڑیوں میں محکمہ صحت اور محکمہ خزانہ، سکول ایجوکیشن،انرجی اور محکمہ اینٹی کرپشن کی گاڑیاں بھی شامل ہیں جب کہ بعض محکموں میں یہ شرح 65 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے،انٹرپروونشل کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ میں تمام گاڑیاں گراؤنڈ کی گئی ہیں،فیصلہ ایندھن اخراجات کے پیش نظر کیاگیا اور صوبائی حکومت کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کررہی ہے۔
