پنجاب میں کفایت شعارپالیسی نافذ،تعلیمی ادارے20روزکیلئےبندکرنےکی منظوری

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں کفایت شعارپالیسی نافذکردی ۔ملک میں جاری توانائی بحران کےبعدصوبائی وزراکاپیٹرول بندکردیا۔تعلیمی اداروں میں 20روز کی تعطیلات کااعلان کردیا۔

ملک میں جاری توانائی بحران کے باعث وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں غیر معمولی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزراء کے سرکاری پیٹرول کی فراہمی بند کر دی گئی جبکہ تعلیمی اداروں میں 20 روز کی تعطیلات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ہمراہ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ ناگزیر سکیورٹی کے تحت صرف ایک گاڑی ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی۔

حکومت نے سرکاری دفاتر میں گھر سے کام کرنے کی پالیسی نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صرف ضروری عملہ ہی دفاتر آئے گا جبکہ اضافی سپورٹ سٹاف کی آمد و رفت محدود کر دی جائے گی۔ تاہم سرکاری امور کی انجام دہی جاری رکھنے کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد کیے جائیں گے۔

اعلان کے مطابق صوبے بھر کے سکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی، تاہم امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے اور تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت ہوگی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے “مریم کی دستک” کے تحت خدمات جاری رکھی جائیں گی۔

بحرانی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے اور لاہور ہارس اینڈ کیٹل شو کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نگرانی کے لیے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو پیٹرولیم مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس نظام تیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی کی جائے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اسی طرح اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد پر بھی کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ بحرانی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری آؤٹ ڈور تقریبات اور لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں اور ضروری اشیا کی غیر ضروری خریداری یا ذخیرہ اندوزی نہ کریں۔

انہوں نے مشکل حالات میں جرات مندانہ فیصلوں پر شہباز شریف اور عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں قوم کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر قومیں مشکلات کا مقابلہ اتحاد، صبر اور دانشمندی سے کرتی ہیں۔

Back to top button