آسٹریلیا کا اگلے ماہ ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

آسٹریلیا کے وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔

برطانیہ، فرانس، کینیڈا اور مالٹا کے بعد آسٹریلیا نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا,آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز کا کہنا ہےکہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ موقع فلسطینی عوام کو اس انداز میں حق خود ارادیت دینے کا ہے تاہم فلسطینی ریاست میں حماس کےلیے کوئی مستقبل نہیں ہوسکتا۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ غزہ کی صورت حال دنیا کے بدترین خدشات سے آگےبڑھ چکی ہے،اسرائیل بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی جاری رکھےہوئے ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنےپر غور شروع کر دیاہے۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسن پیٹر نے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نیوزی لینڈ کی کابینہ ستمبر میں کرےگی۔

خیال رہےکہ اب تک اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے 147 فلسطینی ریاست کو تسلیم کرچکے ہیں۔برطانیہ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کےلیے مشروط آمادگی ظاہر کی ہےجب کہ فرانس، کینیڈا اور مالٹا بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنےکا اعلان کرچکے ہیں۔

Back to top button