سرمایہ کاری فورمز میں ایوی ایشن سیکٹر کو شامل کیا جائے،راناثنا

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کاکہنا ہے کہ قومی سرمایہ کاری فورمز میں ایوی ایشن سیکٹر کو بھی شامل کیا جائے، تاکہ اس شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

ایوی ایشن ڈے کے موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ، رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت سیاحت اور ہوا بازی کے شعبوں کی ترقی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں گرین ٹورازم، پی آئی اے اور دیگر اہم سرکاری و نجی اداروں کے ماہرین نے شرکت کی۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران رانا ثناء اللہ کو لاہور اور اسکردو ایئرپورٹس کی اپ گریڈیشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ ہوا بازی، سیاحت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور پاکستان کا قدرتی حسن، ثقافتی ورثہ اور روایتی مہمان نوازی عالمی سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے تجویز دی کہ قومی سرمایہ کاری فورمز میں ایوی ایشن سیکٹر کو بھی شامل کیا جائے، تاکہ اس شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایوی ایشن کے بنیادی ڈھانچے اور پالیسی سازی میں بہتری کے لیے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایوی ایشن سیکٹر میں عالمی معیار کے مطابق ترقی کے لیے ریگولیٹری اصلاحات اور سازگار ماحول کی فراہمی متعلقہ حکام کی اہم ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں شامل ماہرین کی سفارشات جلد وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، جن کی روشنی میں مستقبل کی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

Back to top button