تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی : محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر محسن نقوی نے اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید نے استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر وفاقی وزیر محسن نقوی کو اے این ایف کی کارکردگی، افعال کار اور آپریشنز کے بارے بریفنگ دی گئی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور اے این ایف کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کےلیے کریک ڈاؤن پوری قوت سے جاری رکھا جائے گا اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم بھی جاری رکھی جائےگی۔
وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم وسائل و افرادی قوت کے باوجود گزشتہ برس 2150 آپریشنز میں تقریباً 10 ارب ڈالر کی منشیات ضبط کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کےلیے فوری طور پر کثیر الجہتی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ خلیجی ممالک کے ساتھ انسداد منشیات کے ضمن میں تعاون بڑھانے کےلیے جلد کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ خلیجی ممالک کے اینٹی نارکوٹکس فورسز کے سربراہان کو مدعو بھی کریں گے۔انسداد منشیات کے سلسلے میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کےلیے یہ کانفرنس کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔
پاکستان میں غیر ملکیوں کو غیر قانونی قیام کی اجازت نہیں : محسن نقوی
وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ حال ہی میں سعودی عرب کے اینٹی نارکوٹکس ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اشتراک کار بڑھانے پر مفصل بات چیت ہوئی۔