عائشہ عمر، بابر علی کی فلم ’’ٹکسالی گیٹ‘‘ ریلیز

معروف اداکارہ عائشہ عمر اور بابر علی کی فلم ’’ٹکسالی گیٹ‘‘ کو ریلیز کر دیا گیا ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں علی خان، خالد انعم، نیر اعجاز، عفت عمر، مہر بانو، یاسر حسین اور افتخار ٹھاکر شامل ہیں، فلم کا نام لاہور کے قدیمی دروازے ٹکسالی پر رکھا گیا ہے اور فلم کو وہیں فلمایا گیا ہے۔فلم میں عفت عمر اور علی خان وکیل کے روپ میں دکھائی دیئے جبکہ افتخار ٹھاکر کو پولیس عہدیدار کے طور پر دکھایا گیا ہے، فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر میں عائشہ عمر کو رقاصہ یا جسم فروش کے روپ میں دکھایا گیا تھا جب کہ اداکارہ مہربانو کو بھی ایسے ہی گھروں میں پیدا ہونے اور پرورش پانے والی نوجوان لڑکی کے روپ میں پیش کیا گیا ہے، ٹریلر میں یاسر حسین کو رقاصائوں کے ہجروں میں عیاشی کرنے والے شخص کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ نیر اعجاز کو بھی ایسے ہی لوگوں کے سسٹم کا حصہ دکھایا گیا تھا اور ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی جسم فروش اور رقاصائوں کی زندگی اور مشکلات کے گرد گھومتی ہے، فلم کی کہانی ابو علیحہ نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہے جب کہ وہ فلم کی کاسٹ میں بھی شامل ہیں۔پہلے فلم کو 16 فروری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور فلم کا پہلا شو ملک بھر کے سینماؤں میں 16 فروری کی صبح کو دکھایا گیا۔’ٹکسالی گیٹ‘ لاہور کے مشہور علاقے ہیرا منڈی کی کہانی ہے مگر عائشہ عمر کے مطابق یہ ایک مکمل کمرشل فلم بھی ہے، اس میں لاہور کی معروف والڈ سٹی، وہاں کی ثقافت، وہاں کے رہن سہن، عادات و اطوار، طرز معاشرت مکمل طور پر دکھائے گئے ہیں، مزید یہ کہ ’رضامندی‘ یا ’کونسینٹ‘ کے بارے میں اس فلم میں بہت کُھل کر بات کی گئی ہے، بقول عائشہ عمر ’پاکستان میں اس پر بات نہیں ہوتی، یہ کہانی بنیادی طور پر ایک ریپ کیس کے گرد گھومتی ہے، اور یہ ضروری ہے کہ ایسے مسائل پر بات کی جائے۔
