ایمن اور منال سوشل میڈیا پر پھر تنقید کی زد میں

اپنی اداکاری سے ٹی وی سکرین پر دھوم مچانے والی اداکارہ ایمن اور اداکارہ منال پر ان کے مبینہ ملازم نے الزام لگایا ہے کہ اداکارائوں نے کپڑوں کے برانڈ کے لیے میری خدمات حاصل کیں لیکن چھ ماہ سے کوئی تنخواہ ادا نہیں کی ہے۔
علی حامد نے نامی شخص نے اپنی فیس بک اور انسٹاگرام پوسٹ میں ایمن اور منال خان کے برانڈ ’ایمن منال کلوزٹ‘ پر 6 ماہ کی تنخواہیں نہ دینے کا الزام عائد کیا۔
ملازم نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک سال سے اداکاراؤں کے برانڈ کے لیے کام کرتے آ رہے ہیں اور انہوں نے ملازمت کے دوران ایک سے زائد کام بھی کیے، آرڈرز، بکنگ اور سپلائی کا کام بھی دیکھا اور چوبیس گھنٹے اپنی خدمات تک برانڈ کو فراہم کیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ’ایمن منال کلوزٹ‘ نامی برانڈ کو اداکاراؤں کے بھائی معاذ خان دیکھتے ہیں جو ملازمین کو وقت پر تنخواہیں نہیں دیتے اور ساتھ ہی انہوں نے اداکاراؤں پر بھی سنگین الزامات لگائے کہ وہ اپنے ملازمین کو ذاتی غلام سمجھتی ہیں۔
علی حامد کے مطابق وہ جب بھی اداکاراؤں کے بھائی سے تنخواہ مانگتے ہیں تو وہ انہیں دلاسہ دیتے ہیں کہ اگلے ہفتے تک تنخواہ ادا کر دی جائے گی لیکن ایسا کبھی نہیں ہوتا، ادارے نے ان کی 6 ماہ کی تنخواہیں نہیں دیں جب کہ ایمن اور منال خان کے نامناسب رویے کا بھی ذکر کیا۔
دونوں اداکارائیں برانڈ سے لاکھوں روپے کماتی ہیں لیکن جب ملازمین کو تنخواہیں دینے کا وقت آتا ہے تو وہ بیچارے بن جاتے ہیں اور ملازمین کو اپنا حق نہیں دیتے، ملازم نے اداکاراؤں کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنی 6 ماہ کی رکی ہوئی تنخواہ دی جائے۔
علی حامد نے اپنی پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی پوسٹ کو شیئر کریں اور اس پر اداکاراؤں کو مینشن کر کے انہیں ان کا حق دلوانے میں مدد کی جائے۔ڈان نیوز آزادانہ طریقے سے علی حامد کے ’ایمن منال کلوزٹ‘ کے ملازم ہونے کی تصدیق نہیں کر سکا، البتہ الزام لگانے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک سال سے اداکاراؤں کے برانڈ میں زیر ملازمت تھے۔
تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے الزام پر اداکارائوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے ملازمین کو کچھ تنخواہیں نہیں دی گئی تھیں، سابق ملازم کی جانب سے الزامات کے بعد اب اداکاراؤں کے کلاتھنگ برانڈ کی جانب سے ملازم کے الزامات کو جھوٹا قرار دیا گیا ہے۔
کمپنی نے تصدیق کی کہ علی حامد نامی شخص برانڈ کا ملازم رہ چکا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انہیں تمام تنخواہیں دے دی گئی تھیں یا ان کی تنخواہیں رکی ہوئی ہیں، کمپنی نے بیان میں اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں تھیں لیکن جلد ہی ایسے معاملات پر قابو پاکر تمام مسائل حل کر دیئے گئے تھے۔
کمپنی نے سابق ملازم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مکمل منصوبہ بندی کے تحت ایمن خان اور منال خان کو بدنام کیا جب کہ دونوں اداکاراؤں کا برانڈ سے کوئی تعلق نہیں جس پر مبینہ ملازم کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا۔خیال رہے کہ دونوں بہنوں نے اپنے نام سے 2019 میں کلاتھنگ برانڈ کا آغاز کیا تھا اور دونوں ہی اپنے برانڈ کی ملبوسات کی تشہیر کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
