اداکارہ ایمن کی شوبز سے کنارہ کشی کی وجہ سامنے آ گئی؟

طویل عرصہ سے ٹی وی سکرین سے غائب ہونے والی اداکارہ ایمن نے حال ہی میں رمضان شو کے دوران انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی کے دنیا میں آنے کے بعد ان کی ترجیحات بدل گئی ہیں، اب اداکاری ان کی ترجیح نہیں رہی ہے۔
مداحوں کو ایمن کو ٹی وی سکرین پر دیکھے ہوئے کئی سال ہو چکے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ان کا واپسی کا بھی کوئی ارادہ نہیں، ایمن خان رمضان خصوصی ٹرانسمیشن میں بطور مہمان نمودار ہوئیں جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ کس طرح ان کی بیٹی امل منیب کی آمد نے زندگی کے بارے میں ان کا نقطہ نظر بدل دیا ہے۔
ایمن سے پوچھا گیا تھا کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری کیوں چھوڑی؟ جس پر منیب بٹ کی اہلیہ ایمن نے جواب دیا کہ اب ان کی ترجیحات مختلف ہیں کیونکہ جب وہ غیر شادی شدہ تھیں اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی تو وہ وقت کچھ اور تھا۔
ایمن نے مزید کہا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں اور ان کا فیشن بزنس AnM Closet پہلے ہی اتنا اچھا کر رہا ہے کہ انہیں اداکاری میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اگرچہ ایمن خان کافی عرصے سے ٹیلی ویژن سکرین سے دور ہیں تاہم ایمن خان اکثر انسٹا گرام کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ذاتی تصاویر اور روزمرہ کے معمولات کو اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ ایمن سلیم نے ڈرامہ سیریل چپکے چپکے سے شہرت حاصل کی، اور تیزی سے مقبولیت کے زینے طے کیے مگر پھر اچانک انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی جس پر ان کے مداح حیران رہ گئے، اب انہوں نے اپنے اس فیصلے کا سبب اپنے مداحوں کو بتا دیا ہے۔
اداکارہ کے مطابق میں نے نیویارک سے انویسٹمنٹ بینکنگ کی تعلیم حاصل کی ہے۔ اس کے بعد میں ایک یکسر مختلف شعبے میں چلی گئی، میرے ساتھ معاملہ یہ ہوا کہ دراصل مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ مجھے کیا کرنا ہے اور کیا نہیں۔
ایمن خان کا پہلا ڈرامہ سیریل میری بیٹی اور من کے موتی 2013 میں ریلیز ہوئے، اداکارہ کے 2014 میں ریلیز ہونے والے ڈرامے جورو کا غلام، ڈائجسٹ رائٹر شامل تھے، اداکارہ کے 2015 کے دوران ڈراموں گلہ کیس سے کریں، بے قصور، خاتون منزل کو مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
