آزاد کشمیر سے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے عہدے کا حلف لے لیا

آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جہاں اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چودھری لطیف اکبر نے فیصل ممتاز راٹھور سے حلف لیا۔ تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، فریال تالپور، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول حکام اور عسکری افسران نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں آزاد کشمیر کے 16ویں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وہ آصف علی زرداری، فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں یہ ذمہ داری لینا آسان نہیں، مگر وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر عوام سے اپنا رشتہ مضبوط کرنے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔
فیصل راٹھور نے پاکستان آرمی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا کہ وہ اپنی جانوں کی قربانی دے کر ملک کا دفاع کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں چودھری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد منظور ہونے کے بعد فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔
اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں 36 ارکان نے فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں جبکہ 2 ارکان نے ان کی مخالفت میں ووٹ دیا، جس کے بعد وہ آزاد کشمیر کے 16ویں جبکہ موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم بنے۔
یاد رہے کہ چودھری انوارالحق کو استعفیٰ دینے کا پیغام بھیجا گیا تھا تاہم انہوں نے مستعفی ہونے کے بجائے تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی۔ یہ تحریک سردار جاوید ایوب، چودھری قاسم مجید اور دیگر اراکین نے پیش کی تھی، اور متبادل قائدِ ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام دیا گیا تھا۔
