وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف عدم اعتمادپر رائے شماری کیلئے سوموار کو اجلاس طلب

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے خلاف پیپلز پارٹی کی تحریکِ عدم اعتماد پر رائے شماری کے لیے پیر کے روز آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اُنہیں فیصل ممتاز راٹھور کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے 35 سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اِن ہاؤس تبدیلی کے عمل کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ صدر پی ٹی آئی عبدالقیوم نیازی نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے 14 ’منحرف ارکان‘ کی بنیاد پر حکومت بنانا پیپلز پارٹی کے جمہوری دعووں کے منافی ہے۔
جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سردار حسن ابراہیم نے رائے شماری کے دوران غیر جانب دار رہنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم انوار الحق تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے اور اس کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
ادھر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے آزاد کشمیر کے نامزد وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور عوامی رابطہ مزید بڑھایا جائے تاکہ زمینی حقائق سے مکمل آگاہی رہے۔
