اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی کوشش اعظم سواتی کی ذاتی ہے ، پی ٹی آئی کا اس سے کوئی تعلق نہیں: سلمان اکرم

پاکستان تحریک انصاف کےسیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نےپی ٹی آئی کےاسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے حوالے سے ہونے والے سوالات پر وضاحت دیدی۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مرکزی رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی کوشش اعظم سواتی کی اپنی ہے،پی ٹی آئی کا اس سےکوئی تعلق نہیں ہے،اگرسواتی صاحب (اعظم سواتی)اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات میں ایسی کوئی راہ نکالتے ہیں تو وہ اصول کی بنیاد پرہونی چاہیے۔
سلمان اکرم راجا کاکہنا تھا اسٹیبلشمنٹ سےڈیل پر بحیثیت پارٹی کوئی ایسی بات نہیں کی جا رہی،ہم اپنی طرف سے کوئی راہ نکالیں گےجواصول کی بنیاد پر ہوگی۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا ہم ہمیشہ شفاف انتخابات اورقانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں لوگ اغوا نہ ہوں، یہ سب ہمارا نصب العین ہے،اگر کوئی بات آگےبڑھتی ہے جس میں شخصی آزادیاں اور بنیادی حقوق کو بحال کیا جاتا ہے تو سو بسم اللہ، لیکن اگرکوئی یہ سوچ رہا ہےکہ پتلی گلی سےنکلنےکی کوشش کریں تو ایسا نہیں ہو سکتا۔
آئندہ انتخابات سے متعلق مذاکرات ہوئے تو خیرمقدم کریں گے: سابق صدر عارف علوی
جے یو آئی کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا پی ٹی آئی کے ان رابطوں پر ہمارے تحفظات ہیں،پی ٹی آئی کےسینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے ہم سے رابطہ کر کےاس کی تردید کی ہےلیکن ہم چاہیں گے اس معاملے پراسد قیصر وضاحت کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اگر ہمارےساتھ اتحاد میں شامل ہونےکی خواہش کےساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ سےرابطوں کی بھی خواہش رکھتی ہےتواس پرہمیں اعتراض ہے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ اگر بات بڑھ گئی تواپوزیشن اتحاد کا اللہ حافظ ہے،ہمیں اُن کے آپس کے رابطوں پر کوئی مسئلہ نہیں ہوگامگر ہم اتحاد سےدو قدم پیچھے ہٹ جائیں گے۔
