قومی کپتان بابراعظم ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مقبولیت میں دیگر قومی سٹارز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارتی تدریسی نصاب میں جگہ بنا لی ہے، جس کو قومی کرکٹرز کے لیے بڑا اعزاز قرار دیا گیا ہے۔
بابراعظم کو انڈین سرٹیفکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن (آئی سی ایس ای) نے آٹھویں جماعت کے سپورٹس نصاب میں شامل کر لیا اور ان کی تصویر کو بھارتی سپرسٹارز سچن ٹنڈولکر، مہندرا سنگھ دھونی کے ساتھ جگہ دی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹویئٹر پر پوسٹ وائرل ہو رہی ہے جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ک ی تصویر بھارت کے نامور کرکٹرز سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی اور ایم ایس دھونی کے ہمراہ نصاب میں شامل ہے۔
آٹھویں جماعت کی اسپورٹس کی اس کتاب میں سوال کیا گیا ہے کہ کرکٹرز کو انکی عرفیت سے ملائیں جبکہ جواب میں بابراعظم عرف بابی بھی درج ہے، بابراعظم کے علاوہ اسی سوال میں دیگر بین الااقوامی کرکٹرز میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل شامل ہیں، بھارتی نصاب بابراعظم کا تذکرہ دنیا بھر میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی کپتان کو حال ہی میں تینوں فارمیٹس میں پرفارمنس پر آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر 2022 کے لیے سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی سے نوازا گیا ہے۔
اسی طرح گزشتہ برس بابراعظم کی کور ڈرائیو کو نویں جماعت کی فزکس کے نصاب میں شامل کیا گیا تھا، بابراعظم اپنی بیٹنگ اور کور ڈرائیو کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں جبکہ کئی نامور کرکٹرز بھی ان کے مداح ہیں، بابراعظم کی تکنیک کے باعث انہیں اسٹیو استمھ، ویرات کوہلی اور دیگر کرکٹرز سے اوپر رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ان دونوں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں، بابر اعظم نے مسجد نبویﷺ اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے مسجد الحرام سے تصاویر شیئر کی ہیں۔
بابر اعظم نے مسجد نبوی ﷺ کے احاطے میں کھڑے ہوکر گنبد خضریٰ کا خوبصورت منظر ٹوئٹ کیا جسے سوشل میڈیا پر کافی پسند کیا جا رہا ہے، بابر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ’بعد از خدا بزرگ توئی،،، قصہ مختصر۔‘
یادر رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ان دنوں پی سی بی کی جانب سے آرام دیئے جانے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
