وزیراعلیٰ بلوچستان کا عوام کےلیے سبسڈی کا اعلان

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے ہمارے ہمسائے میں جنگ چل رہی ہے اس کے اثرات یہاں پر بھی پڑرہے ہیں، اس لیے عوام کو سبسڈی دینے جارہے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہتر انداز میں پاکستان کو لےکر چل رہے ہیں جو قابل تحسین ہے،وفاقی حکومت گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سبسڈی دےرہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ 15 دن کےلیے گاڑیوں کی رجسٹریشن مفت کررہے ہیں جب کہ کوئٹہ اور تربت میں گرین بس سروس فری کر رہے ہیں، پیٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ بھر کے کسانوں کو پیٹرول،ڈیزل پر سبسڈی دیں گے، سبسڈی تھریشر مشینوں کے استعمال پر دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور ایس پیز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں گے،غیرملکی سامان کی چیکنگ کرنا پولیس کا نہیں کسٹمز کاکام ہے،مشاورت کے بعد پیر سے بازار رات 8 بجے بند کردی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ شادی ہالز اور ہوٹل 10 بجے تک کھلے رہیں گے، سکول بند کئےتو لوگ پکنک منانے نکل گئے،عوام کو سوچنا چاہیےکہ ملک سنگین بحران سے گزررہا ہے،محکمہ خزانہ کا دفتر بند کر کے ورک فرام ہوم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بھی سٹاف کم کیا ہے،سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول پر کٹ لگایا ہے، 400 ملازمین سی ایم ہاؤس سے ایس اینڈ جی اے ڈی کو واپس کردیئے،ہم کوئی لاک ڈاؤن نہیں لگارہے،صرف رات 8 بجے مارکیٹوں کو بند کریں گے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت اب تک ڈیڑھ ارب روپے کی بچت کی ہے،انہوں نے کہاکہ جو سرکاری گاڑیاں دفتری اوقات کےبعد بازاروں میں نظر آئیں ان کی ویڈیوز بناکر بھیجیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی پیٹرول،ڈیزل گاڑیاں نیلام کر کے الیکٹرک گاڑیاں خریدیں گے،بتدریج سوائے ایمرجنسی سروسز کے دیگر محکموں کی گاڑیوں کی جگہ الیکٹرک گاڑیاں لائیں گے۔
