ڈیگاری قتل کیس : چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے نوٹس پر اعلیٰ حکام عدالت میں پیش

بلوچستان کے علاقے سنجیدی ڈیگاری میں مرد و خاتون کے غیرت کے نام پر قتل کے ہولناک واقعے پر چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام کو عدالت میں طلب کر لیا۔

پیر کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سید وزیر، ایس پی سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ اور کیس کے تفتیشی افسر نے چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش ہو کر مقدمے میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ کیس میں ابتدائی تفتیش مکمل کی جا چکی ہے، گرفتاریوں اور قبرکشائی سمیت دیگر قانونی اقدامات پر پیش رفت ہو رہی ہے۔ چیف جسٹس نے کیس میں تیزی سے اور شفاف تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب سوشل میڈیا پر ایک مبینہ ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں دکھایا گیا کہ ایک مرد اور عورت کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا — پولیس کے مطابق یہ واردات غیرت کے نام پر قتل تھی۔

گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مقتولین نوبیاہتا جوڑا نہیں تھے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا "خاتون پانچ بچوں کی ماں تھی، جبکہ مرد کے بھی چار یا پانچ بچے ہیں، ان کے درمیان کوئی ازدواجی تعلق نہیں تھا۔ سوشل میڈیا پر جو دعوے کیے جا رہے ہیں وہ حقائق کے منافی ہیں۔”

 

Back to top button