بلوچستان : حاملہ خاتون اور شوہر غیرت کے نام پر قتل

بلوچستان کے علاقے مستونگ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو شادی سات سال بعد دعوت کے بہانے گھر پر بلاکر قتل کردیا گیا۔ جب کہ قتل کے وقت مقتولہ حاملہ تھی۔
بلوچستان میں غیرت کے نام پر ایک اور شادی شدہ جوڑے قتل کرنے کا واقعہ سامنے آگیا ہے۔ لیویز حکام کےمطابق پنجگور کے محمد شعیب نے سات سال قبل اپنی پسند سے کورٹ میرج کی تھی اور کچھ عرصہ قبل شعیب کا سسرال سے راضی نامہ ہوگیا تھا جس کےبعد شعیب کی اہلیہ کے بھائیوں نے میاں بیوی کو دعوت کے بہانے کوئٹہ بلایا تھا۔
حکام کے مطابق بھائیوں کی دعوت پر شعیب اپنی اہلیہ اور بھائی کے ساتھ پنجگور سے کوئٹہ کےلیے روانہ ہوا تھا جہاں وہ رات لکپاس کے قریب ہوٹل میں ٹھہرے تھے۔گزشتہ روز مقتولہ کے بھائی ٹیلی فون کر کے وہاں پہنچ گئے اور دونوں میاں بیوی کو قتل کر کے فرار ہو گئے۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ مقتولین کی عمریں 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں،ان کے 3 اور 6 سال کے 2 بچے بھی تھے جب کہ قتل کے وقت مقتولہ حاملہ تھی۔
پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور طغیانی کا خدشہ: پی ڈی ایم اے
حکام کا کہنا ہے کہ قتل کا مقدمہ لیویز تھانے میں مقتولہ کے 5 بھائیوں کےخلاف درج کیاگیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
