بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں41 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ مجموعی طور پر 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ کارروائیاں کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ ہرنائی کے نواحی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 30 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان تنظیموں سے تھا۔
وزیر اعظم کا صنعتوں کیلئے بجلی4.4 روپےسستی کرنے کا اعلان
اسی طرح ضلع پنجگور میں بھی خفیہ معلومات پر کارروائی کی گئی، جس میں 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ اس کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بینک ڈکیتی سے حاصل شدہ رقم بھی برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ رقم 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہوئی بینک ڈکیتی سے متعلق ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے اور علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ "عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔
پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
