بلوچستان ،سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،3دہشتگرد ہلاک، میجرشہید

بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسزکاآپریشن،”فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے آفیسر میجر سید رب نواز طارق شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق یہ کارروائی انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس میں تین دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر سید رب نواز طارق سیکیورٹی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے اور دشمن کی فائرنگ کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
