بلوچستان : سکیورٹی فورسز کا آپریشن، خاتون خودکش بمبار گرفتار

 

 

 

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے ایک کامیاب آپریشن کے بعد ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والی خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بلوچستان میں سکیورٹی اداروں نے ایک اہم اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، جس کے دوران ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کامیاب آپریشن کی تفصیلات وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ کارروائی صوبے میں امن و امان کے قیام کےلیے نہایت اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہاکہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن سے بڑی تباہی کو روکاگیا اور معصوم جانیں محفوظ رہیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے الزام عائد کیاکہ افغانستان دہشت گردوں کےلیے محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے جب کہ بلوچستان کے عوام اب دہشت گردی کو مسترد کرچکے ہیں۔ ان کاکہنا تھاکہ گرفتار خاتون کی کہانی اس پورے نیٹ ورک کو بےنقاب کرتی ہے۔

گرفتار خاتون، جس کی شناخت لائبہ کے نام سے ہوئی، نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ اس کا تعلق ضلع خضدار سے ہے اور اسے مقامی طور پر فرزانہ کہا جاتا ہے، اسے ایک کمانڈر ابراہیم نے خودکش حملے کےلیے ذہنی طور پر تیار کیا جب کہ مزید روابط کے ذریعے اسے دیگر افراد سے ملوانے کی کوشش کی گئی۔

گرفتار خاتون نے انکشاف کیاکہ اسے نہ صرف خودکش حملے کےلیے تیار کیا گیا بلکہ مزید خواتین کو بھی اس راستے پر لانے کا ٹاسک دیا گیاتھا،تاہم اس نے دیگر خواتین کو خبردار کیا کہ وہ ایسی سرگرمیوں کا حصہ نہ بنیں۔

حکام کےمطابق گرفتار خاتون کی عمر 19 سال ہے اور وہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے وابستہ رہی، جب کہ تحقیقات میں اس کے مختلف شدت پسند عناصر سے روابط بھی سامنے آئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس کامیاب کارروائی کے بعد دہشت گردی کے خاتمے کےلیے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،بلوچستان کے عوام سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں اور حساس معلومات فراہم کرکے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایاکہ دہشت گرد عناصر بلوچ خواتین کا استحصال کرکے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ انٹیلیجنس شیئرنگ کے ذریعے ملک دشمن عناصر کے کئی منصوبے ناکام بنائےگئے ہیں اور سکیورٹی فورسز عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلیے ہمہ وقت متحرک ہیں۔

سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ نوجوانوں کو شدت پسندی سے بچانے کےلیے تعلیم، روزگار اور آگاہی پروگرامز کو فروغ دیا جائےگا جب کہ انٹرنیٹ کے غلط استعمال اور پروپیگنڈا مہمات کےخلاف بھی مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

جے یو آئی رہنما مولانا اسجد محمود کا سکواڈ حادثے کا شکار، دو رضاکار جاں بحق

وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن،ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کےلیے ریاستی اقدامات جاری رہیں گے۔

 

Back to top button