بلوچستان کے دہشتگرد افغانستان کے ایجنٹ، عوام کیساتھ ملکر شکست دینگے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں اور وہ ریاست کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان پر حملے کے لیے بیرونی پشت پناہی حاصل کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے بلوچستان میں ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی دہائیوں میں صوبے میں سڑکیں، تعلیمی ادارے اور بنیادی سہولیات قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے وسائل پر مکمل حق بلوچ عوام کا ہے اور اگر چند افراد ان سے فائدہ اٹھا رہے ہیں تو وفاقی حکومت عام عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر دفاع نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا بھروپور جواب دیا جائے گا اور بلوچ عوام کی مدد سے بھارت اور افغانستان کو شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی حراست میں ہے اور دیگر دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارت نے جنگ میں شکست کے بعد پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف جارحیت شروع کی، تاہم بلوچ عوام کے تعاون سے اس پراکسی جارحیت کو ناکام بنایا جائے گا۔۔

Back to top button