پاکستان کی ترقی کےلیے بلوچستان کی ترقی انتہائی اہم ہے : وزیر اعظم

بلوچستان کے وکلا کے وفد سے ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کےلیے بلوچستان کی ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے،صوبے کی باصلاحیت افرادی قوت پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے بلوچستان کے وکلا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن رؤف عطا، صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن عطااللہ لانگو اور رکن بلوچستان بار کونسل خلیل کاکڑ بھی شریک ہوئے۔

ملاقات میں بلوچستان کی موجودہ امن و امان و سکیورٹی کی صورت حال پر گفتگو ہوئی، جب کہ وفد نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وفاقی حکومت صوبے میں امن و امان کی صورت حال کی بہتری کےلیے مؤثر کردار ادا کرے۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا تھاکہ پاکستان کی ترقی کےلیے بلوچستان کی ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے،صوبے کی باصلاحیت افرادی قوت پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے،وفاقی حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے اقدامات اسی طرح جاری رہیں گے۔

صدر سپریم کورٹ بار اور صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار نے وزیر اعظم کو بلوچستان میں گورننس کے امور کے حوالے سے آگاہی دیتےہوئے تمام مسائل کے حل کےلیے وزیر اعظم کی قیادت و رہنمائی کی درخواست کی۔

وفد نے وزیر اعظم کو اس حوالے سےدیگر سیاسی قیادت و رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔

وفد نے بلوچستان میں قانونی کارروائیوں کےساتھ ساتھ سیاسی و قبائلی قیادت سے مشاورت کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیاہے۔

وکلا نے وزیر اعظم کے بلوچستان کی ترقی کو ترجیح دینے اور صوبائی عوام کی فلاح و بہبود کےلیے وفاق کی جانب سے اقدامات پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وفد نے وزیر اعظم کے دانش اسکولز کے ذریعے معاشی طور پر کمزور طبقے کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے اقدام کی تعریف کی اور خانزئی اور منگوچر قلات میں بھی دانش اسکولوں کےقیام کی درخواست کی۔

عمران خان سے ملاقاتیں معمول کے مطابق کروائی جارہی ہیں : اڈیالہ جیل حکام

وکلا کی جانب سے وزیراعظم کے بلوچستان کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کےلیے ماضی میں دیے گئی سیکڑوں اسکالر شپس پر خراج تحسین پیش کیاگیا اور اس پروگرام کو دوبارہ سے شروع کرنے کی درخواست کی گئی۔

Back to top button