پی ایچ ایف کے ایڈک صدر کا عہدہ سنبھالتے عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی نے عہدہ سنبھالتے ہی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چارج سنبھالنے کے بعد صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ فوری طور پر قلیل مدتی (شارٹ ٹرم) بنیادوں پر فیصلے کیے جائیں گے تاکہ ہاکی کی بحالی اور فروغ کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کیے جا سکیں۔ ان کے مطابق ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِ نو تشکیل، اعتماد کی بحالی، کوچنگ اور ٹریننگ سسٹم میں بہتری اولین ترجیحات ہیں۔
وزیراعظم نےہاکی فیڈریشن کے صدر کا استعفیٰ منظور کرلیا
محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو صرف ٹریننگ اور میچز پر توجہ دینی چاہیے جبکہ انتظامی معاملات فیڈریشن سنبھالے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ قریب ہونے کے باعث فوری تربیتی کیمپ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا، جو آج یا کل سے لگایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایچ ایف کے سابق صدر طارق بگٹی نے عماد بٹ پر پابندی عائد کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے سرپرستِ اعلیٰ اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے منظور کیا۔ بعد ازاں حکومتی فیصلے کے تحت محی الدین احمد وانی کو ایڈہاک صدر مقرر کیا گیا۔
نئے ایڈہاک صدر نے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ہاکی کی بہتری کے لیے مزید اہم فیصلوں کا عندیہ بھی دیا ہے۔
