تین سال کے لیے نئے میڈیکل و ڈینٹل کالجز پر پابندی

پاکستان بھر میں آئندہ تین برسوں تک نئے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے قیام پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 5 اکتوبر کو ملک بھر میں ایک ہی دن ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
یہ بات پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے صدر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر عامر ولید الدین کی زیر صدارت ہوا، جس میں پی ایم ڈی سی ترمیمی بل 2024 پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سینیٹر ہمایوں مہمند نے تجویز دی کہ دیگر تعلیمی بورڈز کی طرح پی ایم ڈی سی بورڈ میں بھی ارکانِ پارلیمنٹ کو شامل کیا جانا چاہیے۔ اس پر صدر پی ایم ڈی سی نے مؤقف اختیار کیا کہ پارلیمنٹیرینز ماضی میں بھی بورڈ کا حصہ نہیں رہے، تاہم چیئرمین کمیٹی نے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے ارکان پہلے بھی متعدد بار بورڈ کے ممبر رہ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ موجودہ جمہوری صورتحال ایسے نہیں کہ اراکین پارلیمنٹ کو بورڈ کا حصہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا، "میں خود بھی بورڈ کا رکن نہیں ہوں، سیاسی مداخلت سے پاک ادارہ زیادہ مؤثر ہوتا ہے، اگر ماضی میں غلطی ہوئی تو اب اسے درست کرنا چاہیے۔”
