پنجاب سے بلوچستان رات کے سفرپرپابندی عائد

پنجاب سے بلوچستان جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ پر شام کے بعد سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان، عثمان خالد کے مطابق شام 5 بجے کے بعد کسی بھی مسافر گاڑی کو سرحدی مقام بواٹہ پر روک دیا جائے گا اور اسے بلوچستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی سی کے مطابق یہ فیصلہ بلوچستان میں حالیہ مسافر قتل کے واقعات کے بعد سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں، لہٰذا ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شام کے وقت سفر سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک بلوچستان میں مسافر گاڑیوں کا داخلہ بند رہے گا، تاہم صبح کے بعد معمول کے مطابق آمد و رفت جاری رہے گی۔
