بنگلہ دیش نے ایشیا کپ کیلئےسکواڈ کااعلان کردیا

ایشیا کپ اور نیدرلینڈزکخیلاف 3میچوں پرمشتمل ٹی20سیریز کیلئےبنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے 25 رکنی ابتدائی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔
بنگلادیش اے ٹیم کے 5 کھلاڑی بھی ایشیا کپ سکواڈ کا حصہ ہیں، لٹن داس ٹیم کی قیادت کریں گے۔سکواڈ میں سب سے نمایاں شمولیت وکٹ کیپر بیٹر نورالحسن کی ہے، جنہیں ایک عرصے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈر مہدی حسن میراز کو سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حالیہ ناقص فارم کے باوجود اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
دستیاب کھلاڑی 6 اگست کو میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں فٹنس کیمپ میں رپورٹ کریں گے، جب کہ 15 اگست سے مہارتوں کی مشق کا آغاز ہوگا۔ کیمپ 20 اگست کو سلہٹ منتقل ہو جائے گا۔
نیدرلینڈز کی ٹیم 26 اگست کو بنگلہ دیش پہنچے گی۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 30 اگست، یکم ستمبر اور 3 ستمبر کو سلہٹ میں کھیلے جائیں گے۔
سکواڈ میں لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن تمیم، محمد نعیم شیخ، سومیہ سرکار، پرویز حسین ایمن، توحید ہری دؤی، جاکر علی انک، مہدی حسن مرزا، شمعیم حسین، نجم الحسن شانتو، رشاد حسین، مہدی حسن، تنویر اسلام، ناسم احمد، حسن محمود، تسکین احمد، تنزیم حسن ساکب، محمد سیف الدین، ناہید رانا، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام، سید خالد احمد، نورالحسن سحر، مہیدل اسلام انکون، سیف حسن شامل ہیں۔
