بنگلادیش نے چٹاکانگ میں انڈین اکنامک زون منصوبہ منسوخ کردیا

بنگلادیش نے چٹاکانگ  میں  انڈین اکنامک  زون  منصوبہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا، اس کی جگہ ڈیفنس  اکنامک  زون بنانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بنگلا دیش اکنامک زونز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین چوہدری عاشق محمود بن ہارون نے ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چٹاکانگ میں انڈین اکنامک زون منصوبے کو منسوخ کرکے اس کی جگہ  ڈیفنس اکنامک زون  بنانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چودھری عاشق محمود کا کہنا تھا کہ  یہ فیصلہ بنگلادیش اکنامک زونز اتھارٹی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کا مقصد فوجی اور دفاعی صنعتوں میں ملکی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔

عاشق محمود کا کہنا تھا کہ  فوجی صنعت میں ہتھیاروں اور دیگر ساز و سامان کی تیاری پر طویل عرصے سے بات چیت جاری تھی، ان مصنوعات کی عالمی سطح پر طلب موجود ہے اور بنگلا دیش کو بھی اپنی دفاعی ضروریات خود پورا کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں آرمڈ فورسز ڈویژن،  وزارت دفاع  اور چیف ایڈوائزر کے دفتر کے درمیان مشترکہ طور  پر پہلے سےکام ہو رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تقریباً 850 ایکڑ خالی زمین کی نشاندہی کی ہے،گزشتہ سال جون تک یہ زمین بھارتی اقتصادی زون کے لیے مختص تھی جسے بعد میں منسوخ کر دیا گیا، اب اس علاقے کو ماسٹر پلان میں دفاعی اقتصادی زون کے طور پر شامل کیا جائےگا۔

 

Back to top button