ٹیم کسی صورت بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بنگلا دیش کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے کسی صورت بھارت نہیں جائے گی۔

بھارت سے متعلق سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے آصف اکبر کا کہنا تھا کہ ہم نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈائریکٹر بی سی بی کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے سری لنکا یا بنگلا دیش کو متبادل وینیو کے طور پر منتخب کرنا ایک الگ معاملہ ہے، تاہم بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث وہاں جانا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وہاں اپنی ٹیم کے محفوظ ہونے پر اعتماد نہیں۔

یاد رہے کہ آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا، جس کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے۔

اس واقعے کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلایا اور اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض الرحمان کو 9 کروڑ بھارتی روپے سے زائد رقم میں خریدا تھا، تاہم انہیں ٹیم میں شامل کرنے پر شاہ رخ خان کو انتہا پسند حلقوں کی جانب سے تنقید اور غداری کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کے کے آر نے مستفیض الرحمان کو ریلیز کر دیا۔

Back to top button