بنگلا دیش انتخابات: وزیراعظم کا طارق رحمان سے رابطہ، کامیابی پر مبارک باد دی

وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلا دیش میں ہونے والے عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والی پارٹی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سربراہ طارق رحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں مبارکباد دی۔
وزیر اعظم آفس کے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے بنگلا دیش کے عوام کو کامیاب عام انتخابات کے انعقاد پر بھی مبارکباد دی اور پاکستان و بنگلادیش کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی اور خطےکے امن و ترقی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔دونوں رہنماؤں نے بیگم خالدہ ضیا کی پاک بنگلادیش تعلقات کے لیےخدمات کو خراج عقیدت پیش کیا،رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور عوامی فلاح کےلیے مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نےطارق رحمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کے الیکشن کمیشن میں ملک میں گزشتہ روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا ہےجس کے مطابق طارق رحمان کی بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوگئی۔
بنگلہ دیشی الیکشن: طارق رحمان وزارتِ عظمیٰ کے دہانے پر
الیکشن کمیشن بنگلا دیش کی جانب سےجاری کردہ سرکاری نتائج کےمطابق 299 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بی این پی نے 212 نشستیں لے کر واضح برتری حاصل کرلی ہے جب کہ جماعت اسلامی 77 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
