بنگلا دیش کی نئی حکومت کی حلف برداری میں شہباز شریف اور مودی بھی مدعو

بنگلا دیش کی نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے رکن ممالک کے سربراہان کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق متوقع وزیر اعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو منعقد ہوگی، جس کا اہتمام عبوری حکومت کرے گی۔
رپورٹس کے مطابق 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے حکومت سازی کا باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے۔ پارٹی دو تہائی سے زائد نشستیں جیت کر اقتدار سنبھالنے جا رہی ہے۔
تقریب میں شرکت کے لیے سارک ممالک اور مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے بھیجنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ڈھاکہ ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے بی این پی کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل ہمایوں کبیر نے کہا کہ کسی ایک ملک کا نام لیے بغیر یہ تصدیق کی جا سکتی ہے کہ سارک اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے رہنماؤں کو مدعو کرنے کا عمل جاری ہے۔
بنگلادیش ریفرنڈ: عوام نے آئینی اصلاحات کے حق میں…
پارٹی ذرائع کے مطابق بی این پی اس تقریب میں عالمی شخصیات کی شرکت کے ذریعے اپنی سفارتی ترجیحات کا پیغام دینا اور علاقائی تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ نئی حکومت جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ تعلقات کو اپنی خارجہ پالیسی میں خاص اہمیت دے گی۔
یاد رہے کہ بی این پی کی کامیابی کے بعد میڈیا سے پہلی گفتگو میں متوقع وزیر اعظم طارق رحمان نے معیشت کی بحالی، امن و امان کے قیام اور شفاف طرزِ حکمرانی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات قرار دیا تھا۔
