بھارت جانے سے انکار پر بنگلہ دیش کا ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا امکان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے اکثریتی ووٹ کے ساتھ یہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر بنگلہ دیش نے 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے میچز کھیلنے کے لیے بھارت کا سفر نہ کیا تو اسے ٹورنامنٹ سے تبدیل کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی حکومت کو آگاہ کرے کہ مسلسل انکار کی صورت میں بنگلہ دیش کی جگہ کسی اور ٹیم کو شامل کر لیا جائے گا۔ اس معاملے پر آئی سی سی بورڈ میں ووٹنگ ہوئی جس میں اکثریت نے متبادل ٹیم شامل کرنے کے حق میں فیصلہ دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے حق میں ووٹ دیا۔

آئی سی سی نے بی سی بی کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے ایک دن کی مہلت دے دی ہے تاکہ وہ بھارت میں کھیلنے کے حوالے سے اپنا حتمی مؤقف بتا سکے۔ اگر بنگلہ دیش نے مقررہ وقت میں مثبت جواب نہ دیا تو امکان ہے کہ گروپ سی میں اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی نہیں کر سکا تھا اور یورپی کوالیفائر میں نیدرلینڈز، اٹلی اور جرسی سے پیچھے رہا تھا۔ تاہم بنگلہ دیش کی ممکنہ دستبرداری کی صورت میں اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں جگہ ملنے کے امکانات روشن ہو گئے۔ یہ افواہیں بھی گرم ہیں کہ بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ سے نکالے جانے پر پاکستان بھی بطور احتجاج ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔

Back to top button