طارق رحمان کے وزیراعظم بنگلادیش بنتے ہی آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف تبدیل

بنگلادیش میں طارق رحمان کے وزیراعظم کے عہدے سنبھالنے کے چند روز بعد آرمی میں اعلیٰ سطح پر بڑی تبدیلیاں کی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمی ہیڈ کوارٹر نے جاری مراسلے میں بتایا کہ بھارت میں تعینات دفاعی مشیر بریگیڈئیر جنرل محمد حفیظ الرحمان کو ترقی دے کر میجر جنرل بنایا گیا اور انہیں 55 انفنٹری ڈویژن کا جنرل آفیسر کمانڈنگ تعینات کر کے فوری وطن واپس بلا لیا گیا۔
بنگلہ دیشی وزیراعظم طارق رحمان کا لاہور کنیکشن کیا ہے؟
اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل محمد معین الرحمان کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا۔ مزید برآں، میجر جنرل قیصر رشید چوہدری کو ڈائریکٹر جنرل آف فورسز انٹیلی جنس تعینات کیا گیا، جبکہ میجر جنرل محمد جہانگیر عالم کو وزارت خارجہ میں سفیر مقرر کیا گیا۔
اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل میر مشفیق الرحمان کو آرمڈ فورسز ڈویژن میں پرنسپل اسٹاف آفیسر تعینات کیا گیا، اور ان کے پیشرو لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی خدمات وزارت خارجہ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
خالدہ ضیا کے بعد ان کے بیٹے طارق رحمان وزیراعظم بننے کو تیار
واضح رہے کہ بنگلادیش میں 12 فروری کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بی این پی نے 209 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی بنگلادیش نے 77 نشستیں حاصل کیں۔ بی این پی کے سربراہ طارق رحمان بنگلادیش کے وزیراعظم بن گئے ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کے امیر کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
