مشرق وسطیٰ کشیدگی اور توانائی کا بحران، بنگلادیش میں یونیورسٹیز بند

بنگلادیش نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور توانائی بحران کے پیش نظر یونیورسٹیز کو عید تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے کہا کہ ملک میں عید کی تعطیلات وقت سے پہلے شروع کر دی گئی ہیں، اور آج سے تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیاں عید تک بند رہیں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث پیدا ہونے والے توانائی بحران کے تناظر میں اٹھایا گیا تاکہ بجلی اور ایندھن کی بچت کی جا سکے۔
بنگلادیشی حکام کے مطابق یونیورسٹی کیمپس، رہائشی ہاسٹلز، کلاس رومز، لیبارٹریز اور ائیر کنڈیشننگ کی وجہ سے بڑی مقدار میں بجلی استعمال ہوتی ہے، اس لیے قبل از وقت تعطیلات سے بجلی کے نظام پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔مزید یہ کہ اس اقدام سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور ایندھن کے ضیاع میں کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں رمضان کے دوران سرکاری اور نجی سکول پہلے ہی بند ہوتے ہیں، اور اب یونیورسٹیاں بھی عید تک بند رہیں گی۔
