بنگلہ دیشی فوجی وفد کی بحریہ کے کمانڈرز سےملاقات،تعاون پر تبادلہ خیال

بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کےپرنسپل اسٹاف افسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی قیادت میں وفد نےدورہ کراچی میں پاک بحریہ کے کمانڈر فلیٹ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف افسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نےکمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب، کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین اور ایم ڈی کراچی شپ یارڈ ریئر ایڈمرل سلمان الیاس سے ملاقات کی۔
بنگلہ دیش کے وفد نے پاک بحریہ کے جہازوں اوریونٹس کا بھی دورہ کیا، ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورت حال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں، باہمی دوروں اور تربیتی تبادلہ پروگراموں سمیت مختلف ممکنہ شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
پاک بحریہ کےمطابق لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن کےدورےسےدونوں برادر ممالک کےدرمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گےاور تعاون کےنئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔
