بنوں: سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنۃ الخوارج کا حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید

 

 

 

بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج نے حملہ کیا جس سے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہوگئے،آپریشن میں 5 دہشت گرد جہنم رسید کردیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے کو ضلع بنوں میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج نے اس وقت نشانہ بنایا جب خودکش بمبار سمیت دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جارہا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے اگلے دستے نے گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو بروقت روک لیا اور اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا، یہ دہشت گرد بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتاتھا، یوں ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران خوارج کا سراغ لگاکر شدید فائرنگ کے تبادلے کےبعد سکیورٹی فورسز نے پانچ خوارج کو جہنم واصل کردیا تاہم مایوسی کے عالم میں خوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اگلے دستے کی ایک گاڑی سے ٹکرادی۔جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے،مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر تھے اور اپنی جرات مندانہ کارروائیوں کےلیے معروف تھے۔

یاد رہے کہ خوارج رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرتےہوئے افغان سرزمین استعمال کرکے پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

آئی ایس پی آر کےمطابق افغان طالبان حکومت ایک بار پھر خوارج کو پاکستان کے اندر دہشت گردی کےلیے افغان سر زمین کے استعمال سے روکنےمیں ناکام رہی ہے، پاکستان کسی قسم کا ضبط و تحمل نہیں برتےگا اور اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے ذمہ داروں کےخلاف ان کی موجودگی سے قطع نظر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ خوارج کو قرار واقعی سزا دی جاسکے۔

 

اس عزم کا اظہار کیاگیا ہےکہ نیشنل ایکشن پلان کےتحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنےوالی دہشت گردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔

 

 

 

Back to top button